News-07-Mar-2017-1

ماڈل ٹاؤن کے 14شہداء کے ورثاء کوانصاف نہیں ملاگلو کو مل گیا ، اس ملک کا نظام صرف گلو بٹوں کیلئے ہے : ڈاکٹر طاہر القادری

Published : 7th Mar, 2017

لاہور (06مارچ 2017)پاکستان عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے کہا ہے کہ 14 شہدا کو انصا ف نہ مل سکا ،گلو بٹ کو مل گیا اس ملک کا نظام صرف گلوؤں کیلئے ہے ۔گلو بٹ کی رہائی موجود ہ نظام کی شکست اور مظلوموں کے زخموں پر نمک کا چھڑکاؤ ہے ۔ہمارے 580کارکن پولیس کی طرف سے درج کی جانیوالی جھوٹی ایف آئی آرز کے تحت 28ماہ سے دہشتگردی کی عدالتوں میں پیشیاں بھگت رہے ہیں ۔10کارکنوں کو سزائیں سنا دی گئی،42کارکن اپنے ہی 14کارکنوں کو قتل کرنے کے الزام کے تحت انسدادد ہشتگردی کی عدالت لاہور میں پیشیاں بھگت رہے ہیں ۔ایک کارکن پیشیاں بھگتتے بھگتتے انصاف کی امید میں خالق حقیقی سے جا ملا۔ہم نے انصاف کیلئے قانون کے دروازے پر دستک دی مگر قانون اندھا ہی نہیں بہرا بھی ہے،انہوں نے گزشتہ روز خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ فی الحال انصاف کیلئے قانون کی عدالت میں ہیں دیکھتے ہیں شہداء کے ورثاء کے ساتھ کیا سلوک ہوتا ہے اسکے بعد انصاف کیلئے کوئی اور فیصلہ کریں گے ۔انہوں نے کہاکہ جس جسٹس سسٹم اور جمہوری نظام میں اعلانیہ دہشتگردی کے مرتکب شخص کو سزادلوانا نا ممکن ہو ،وہاں داعش کی دہشتگردی کو کیسے روکا جا سکتا ہے ؟ انہوں نے مزید کہا کہ گلو بٹ اور سانحہ ماڈل ٹاؤن کے قاتلوں کی حفاظت حکومت ،پولیس اور پراسیکیوشن مل کر رہے ہیں۔قانونی جنگ جاری رکھیں گے،انصاف کے حصول کیلئے سپریم کورٹ جائیں گے اور مکمل انصاف تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔