News-15-Mar-2017-1

ڈاکٹر طاہر القادری کی سانحہ ماڈل ٹاؤن کیس میں شریف برادران کی طلبی کیلئے وکلاء کو اپیل دائر کرنے کی ہدایت

Published : 16th Mar, 2017

لاہور(15 مارچ 2017)پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے سانحہ ماڈل ٹاؤن استغاثہ کیس میں شریف برادران کی طلبی کیلئے عوامی تحریک کے وکلاء کو لاہور ہائیکورٹ میں اپیل کرنے کی ہدایت کر دی ہے، اس ضمن میں وکلاء نے اپیل کا ڈرافٹ تیار کر کے سربراہ عوامی تحریک کو بھجوا دیا ہے، آئندہ 36 گھنٹوں میں اے ٹی سی کے فیصلے کے خلاف اپیل دائر کر دی جائیگی۔ گزشتہ روز عوامی تحریک کے سربراہ نے وکلاء کے اجلاس سے ٹیلیفونک خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انصاف کے منتظر ہیں، 14 شہداء کا خون رائیگاں جائے گا اور نہ ہی قاتل قصاص سے بچ پائیں گے، انصاف کے لیے انصاف کے ایوانوں میں کھڑے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کے اہم کردار ڈاکٹر توقیر شاہ کو بطور انعام سفیر لگانے والے حکمرانوں نے ماڈل ٹاؤن میں ڈسپلن اور انسانیت کا قتل کرنے والے جونیئر پولیس افسر کو ایس پی ڈسپلن لاہور لگا دیا یہ تقرری بھی 14 بے گناہوں کو قتل کرنے کا صلہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ گلو بٹ کو تو انصاف مل گیا ،14 شہداء کے ورثاء کو انصاف کب ملے گا ۔