News-20-Mar-2017-2

منہاج ویلفیئر فاونڈیشن کے زیر اہتمام شادیوں کی اجتماعی تقریب 23 جوڑے رشتہ ازدواج میں منسلک

Published : 20th Mar, 2017

لاہور( ) شہنائیوں کی گونج میں غریب گھرانوں کی23 بیٹیاں پیا گھر سدھاریں ۔ منہاج ویلفیئر کے زیر اہتمام 23 شادیوں کی پر وقار اجتماعی تقریب منہاج القرآن کے مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن کے بالمقابل وسیع گراؤنڈ میں 11 بجے دن منعقد ہوئی ۔ شادیوں کی اس اجتماعی تقریب میں 21 مسلم اور 2 مسیحی جوڑے نئی زندگی کا آغاز کریں گے ۔ مسلم جوڑوں کے نکاح منہاج القرآن علماء کونسل کے سکالرز نے پڑھایا جبکہ مسیحی جوڑوں کے نکاح کی رسومات کی ادائیگی انکے مذہبی رہنماء نے کی ۔ ہر جوڑے کا نکاح علیحدہ علیحدہ پڑھایا گیا ۔ شادیوں کی اس اجتماعی تقریب میں غریب گھرانوں کی بیٹیوں کو عزت و وقار کے ساتھ رخصت کیا گیا ۔ فی دلہن 2 لاکھ مالیت کا سامان گفٹ کیا گیا ۔ ایک جوڑے کے ساتھ 60 باراتیوں کے کھانے کا اہتمام کیا گیا ۔ مجموعی طور پر 1800 سے زائد افراد کے کھانے کا انتظام کیا گیا ۔ پاکستان عوامی تحریک،تحریک منہاج القرآن کے قائدین نے آنے والی باراتوں کا پھولوں کے ہار پہنا کر فوجی بینڈ باجوں کے ساتھ استقبال کیا ۔ تقریب میں صدر منہاج القرآن ڈاکٹر حسین محی الدین،سربراہ عوامی مسلم لیگ شیخ رشید احمد ،سربراہ سنی اتحاد کونسل صاحبزادہ حامد رضا ،سربراہ وحدت المسلمین علامہ راجہ ناصر عباس ،سابق وزیر اعلیٰ پنجاب منظور وٹو، جی ایم ملک، منہاج القرآن ہالینڈ کے رہنما ڈاکٹر عابد عزیز ،صاحبزادہ فیض الرحمان درانی ،بریگیڈئر(ر) اقبال احمد خان ،سابق وزیر اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان،پی ٹی آئی سے ڈاکٹر زرقا،روبینہ سرور،آل پاکستان مسلم لیگ سے فرخ چیمہ،شوکت چودھری،عامر بلوچ ،معروف سنیئر اداکار فردوس جمال ،کامیڈین افتخار ٹھاکر،امانت چن سمیت دیگر ممتاز شخصیات نے بھی شرکت کی ۔