News-13-May-2017-8

نیوز لیکس معاملہ فوج کی طرف سے ختم ہوا نواز شریف کی طرف سے نہیں : خرم نواز گنڈاپور

Published : 13th May, 2017

لاہور(11 مئی 2017)پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے وزیر داخلہ چودھری نثار کی پریس کانفرنس کے ردعمل میں کہا ہے کہ اگر سول ملٹری تصادم دشمنوں کا ایجنڈا ہے تو وزیراعظم ہاؤس خبر لیک کر کے دشمنوں کے اس ایجنڈے کی تکمیل کیلئے استعمال کیوں ہوا؟خبر نئی دہلی سے نہیں اسلام آباد وزیراعظم ہاؤس سے لیک ہوئی، ہم بڑی ذمہ داری کے ساتھ کہہ رہے ہیں معاملہ فوج کی طرف سے ختم ہوا نواز شریف کی طرف سے ختم نہیں ہوا، چند ہفتوں کے بعد وزیراعظم ہاؤس سے پھر کوئی حملہ ہو گا ، یہ سیٹلمنٹ دیر پا نہیں ہے کیونکہ وزیراعظم ہاؤس سے اتفاقاً خبر لیک نہیں ہوئی یہ اقدام منصوبہ بندی کے تحت اٹھایا گیا، معاملے کے حل ہونے پر نواز شریف کو’’لانے والے‘‘پریشان ہیں کیونکہ ’’لانے والوں ‘‘ نے انہیں ٹاسک ہی فوج کو ٹف ٹائم دینے کا دیا ہے، ہمیں یقین ہے کہ کچھ ہفتوں کے بعد شریف حکومت قومی سلامتی کے اداروں پر پھر حملہ آور ہو گی، وزیر داخلہ کہتے ہیں یہ کوئی اتنا بڑا ایشو نہیں کیا قومی سلامتی کے خلاف اقدام بڑا مسئلہ نہیں؟ پاکستان کے مفاد سے کوئی اور نہیں وزیراعظم خود کھیل رہے ہیں، قومی سلامتی کے خلاف اقدام غداری ہے،وزیرداخلہ بتائیں پرویز رشید، طارق فاطمی اور راؤ تحسین کے خلاف کس قانون کے تحت کارروائی کی جائیگی، آرٹیکل 6 کے تحت یا آفیشل سیکرٹ ایکٹ کے تحت اور اگران کا کوئی جرم نہیں تو پھر انہیں ان کے عہدوں پر باعزت بحال ہونا چاہیے، انہوں نے کہا کہ وزیرداخلہ کا کردار ڈرائی کلینر والا ہے وہ کب تک حکومت کے میلے کپڑے دھوتے رہیں گے، وہ بھی جانتے ہیں نواز شریف کا ایجنڈا ملنا نہیں لڑنا ہے،