News-06-Aril-2017-2

منہاج القرآن ویمن لیگ بارسلونا کے زیر اہتمام میلاد فیسٹیول کا انعقاد ، ڈنمارک، کینیڈا، فرانس، اٹلی سے مہمانوں کی شرکت

Published :6th April, 2017

بارسلونا ( ہم وطن نیوز) سپین میں موجود تمام پاکستانی ، انڈین ، بنگلہ دیشی و دیگر ممالک سے تعلق رکھنے والی کمیونٹیز کے لئے منہاج ویمن لیگ سپین کے زیر اہتمام یکم اپریل بروز ہفتہ میلاد فیسٹیول کا انعقادکیا گیا،جس میں مسلمانوں کی ثقافت اور کلچر سے آگاہی سے متعلقہ پروگرامز اور سٹالز لگائے گئے ، اس فیسٹیول میں نہ صرف فیملیز بلکہ بچوں کی بھی شرکت یقینی بنائی  گئی تا کہ بچے اپنے دین اور نبی آخرالزمان ﷺ کے ساتھ تعلق ، محبت اور عشق کو مضبوط کر سکیں، یہ فیسٹیول صبح10سے شام8بجے تک جاری رہا، سٹالز میں خطابات کی بکس جیسے فتویٰ، خطابات کی سی ڈیز جن میں انگلش اردو سی ڈیز کو سپینش ترجمہ کے ساتھ سب ٹائٹل کیا گیا تھا، مہندی لگانا ، چوڑیاں پہنانا، عربی ، مراکش ، و ایشیائی کھانے وغیرہ شامل تھے، محفل نعت و دیگر تعارفی پروگرام بھی وقفہ وقفہ سے جاری رہے ، اس کے علاوہ سپین کے ممبران پارلیمنٹ و دیگر اعلیٰ عہدیدار شخصیات بھی شامل ہوئیں۔ خاص کر شیخ الاسلام ڈاکٹرمحمد طاہر القادری کے جگر گوشہ ڈاکٹر حسن محی الدین کی خصوصی شرکت سمیت ڈنمارک، کینڈا، فرانس اور اٹلی سے بھی مہمانوں نے شرکت کی ، بارش کے باوجود سپین بھر سے پاکستان سے تعلق رکھنے والی سیاسی و سماجی تنظیموں کے نمائندگان کے علاوہ فیملیز نے بھی ایک بڑی تعداد میں شرکت کر کے میلاد فیسٹیول کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ میلاد فیسٹیول میں پاکستانیوں سمیت عرب ممالک سے تعلق رکھنے والی تنظیمات نے بھی اسٹال لگائے، منہاج القرآن انٹرنیشنل سپین کیطرف سے ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی کتب کے علاوہ عرب ممالک کے کھانے پینے اور اسلامی کلچر پر مشتمل تاریخی نوادرات کے اسٹال نے شرکاء کی توجہ کو اپنی جانب مبذول رکھا، فیسٹیول میں سپین کی سیاسی جماعتوں سمیت حکمران جماعت کے ذمہ داران نے بھی شرکت کی، مختلف شخصیات کی تقاریر، بچوں کی ملی نغمات کی پرفارمنس سمیت قدیر احمد خان کی قوالی کا اہتمام بھی کیا گیا تھا، میلاد فیسٹیول سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی صاحبزادہ ڈاکٹر حسن محی الدین نے منہاج وویمن لیگ سپین سمیت کمیونٹی نمائندگان اور سپانش اتھارٹیز کو اس اہم کاوش میں تعاون کرنے پر خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ آج کا میلاد فسٹیول خوش آئند ہے کہ کسی کا جس مذہب سے بھی تعلق ہو پیغام یہی ہے کہ محبت، امن اور پیار کے ساتھ ایک دوسرے کے کلچر کو مل کر منائیں، ڈاکٹر حسن محی الدین نے کہا کہ آج کا فیسٹیول اس لیے بھی اہمیت کا حامل ہے کہ مسلمان اپنے آقا ﷺکا جس طرح میلاد مناتے ہیں اسی طرح حضرت عیسی علیہ السلام کی ولادت کا بھی اہتمام کرتے ہیں، انہوں نے کہا کہ اسلام ظلم کی نہیں بلکہ تمام انسانیت کیلئے امن کی بات کرتا ہے، ہمارے نبی کریم ﷺ سے نجران کے چند کرسچئین ملنے آئے تو قیام کے دوران عبادت کے وقت آقا ﷺ نے مسجد نبوی کے دروازے کھول دئیے، ڈاکٹر حسن محی الدین نے کہا کہ مدینہ میں رہنے والے تمام کفار کو امان حاصل تھا، اسپانش اتھارٹیز نے خطاب کرتے ہوئے میلاد فیسٹیول کے انعقاد کو سراہتے ہوئے منہاج القرآن انٹرنیشنل کو مبارکباد پیش کی، جبکہ منہاج وویمن لیگ کی صدر محترمہ صغریٰ انصر نے اردو اور دیبا اصغر نے سپانش زبان میں میلاد فیسٹیول کا پیغام دیتے ہوئے کہا کہ فیسٹول کا مقصد اصل میں کئی عرصے سے رہائش پذیر والدین کو باور کرانا ہے کہ آنیوالے کل کیلئے ہمیں موجودہ ذمہ داران کو بتانا ہو گا کہ اسلام امن کا دین ہے اور مسلمانوں کا دہشتگردی سے کوئی تعلق نہیں اس کے ساتھ ساتھ ہمیں اپنے کلچر اور حقوق کا تحفظ بھی کرنا ہو گا، انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے سب سے پہلے انقلاب کا نعرہ لگایا اور انکی جدوجہد بھی یہی ہے کہ دنیا میں امن قائم ہو اور جہاں جہاں مسلمان اور دوسرے مذاہب کے لوگ قیام پذیر ہیں آپس میں امن اور بھائی چارے کے درس کو فروغ دیتے ہوئے اپنی زندگیاں گزاریں، انہوں نے ڈنمارک، کینڈا، فرانس اور اٹلی سے مہمانوں کی شرکت پر شکریہ ادا کیا۔ بعد ازاں صاحبزادہ ڈاکٹر حسن محی الدین نے فیسٹیول کے اسٹالز کا دورہ کیا اور میلاد فیسٹیول سمیت ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی پرامن جدوجہد کے متعلق میڈیا کے نمائندوں کو انٹرویوز ریکارڈ کروائے۔