News-01-July-2017-3

ڈاکٹر طاہر القادری کی پارہ چنار واقعہ پر حکومتی بے حسی کی شدید مذمت ، کہتے ہیں پنجاب کے شہداء اور دیگر صوبوں کے شہداء کے درمیان امتیاز کی بنیاد رکھی گئی

Published : Jul 1st, 2017

پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری نے پارہ چنار واقعہ پر حکومتی بے حسی کی شدید الفاظ میں مذمت کی ۔ ڈا کٹر طاہر القادری کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم اگر پورے پاکستان کے وزیر اعظم ہیں تو پارہ چنار کے زخمیوں کی عیادت کیلئے کیوں نہ گئے۔دھرنا ختم کروانے کیلئے آرمی چیف پارہ چنار گئے وفاقی حکومت کو توفیق نہ ہوئی کہ مذاکرات کرتے اور دھرنا ختم کرواتے۔ پاکستان کے دشمن ملک میں فرقہ ورانہ لڑائی شروع کروانا چاہتے ہیں لیکن پاکستان کے عوام فرقہ واریت کے خلاف ہیں انکی سازش کامیاب نہیں ہو گی۔ موجودہ حکمرانوں نے پنجاب کے شہداء، فاٹا کے شہداء ، کے پی کے شہداء میں امتیاز کی بنیاد رکھی۔ تمام شہدا کا درجہ برابر ہے تو پھر کچھ شہداء کو 20 لاکھ فی کس دئیے جاتے ہیں اور کچھ شہداء کے ورثاء کے پاس وزیراعظم تعزیت کیلئے بھی نہیں جاتے اور کچھ شہداء کو 3 سال کے بعد بھی انصاف نہیں ملتا؟ اگر سب شہداء برابر ہیں تو پھر شہداء کے ورثاء کے ساتھ سرکاری سلوک بھی برابری کی بنیاد پر ہونا چاہیے۔