News - 13 Sep - 2017 - 5

عوامی تحریک کے انٹرا پارٹی الیکشن،تیاریاں اور گہما گہمی عروج پر پہنچ گئی ، کاغذات نامزدگی حاصل کرنے اور جمع کروانے کا عمل آج بھی جاری

Published : Sep 13, 2017

پاکستان عوامی تحریک کے انٹرا پارٹی الیکشن کے سلسلے میں مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن اور صوبائی دفاتر میں تیاریاں وگہما گہمی عروج پر پہنچ چکی ہیں۔17ستمبر کو ہونیوالے انٹرا پارٹی الیکشن میں مرکزی وصوبائی عہدوں پر حصہ لینے کے خواہشمند امیدواروں نے گذشتہ روز بھی کاغذات نامزدگی جمع کروائے۔عوامی تحریک کے بہت سے سینئر اور اہم راہنماؤں نے اپنے کاغذات نامزدگی پارٹی الیکشن کمیشن کو جمع کروائے، اس موقع پر ان کے تائید کنندہ اور تصدیق کنندہ بھی موجود تھے۔کاغذات نامزدگی حاصل کرنے اور جمع کروانے کا عمل آج بھی جاری رہے گا۔ عوامی تحریک کے چیف الیکشن کمشنر رانا فیاض احمد خان امیدواروں سے کاغذات نامزدگی وصول کر رہے ہیں۔عوامی تحریک کے مرکزی راہنماؤں جی ایم ملک، نور اللہ صدیقی،مظہر علوی،فرح ناز،مشتاق نوناری ایڈووکیٹ نے پارٹی چیف الیکشن کمشنر رانا فیاض احمد خان سے ان کے دفتر میں ملاقات کی۔رانا فیاض احمد خان نے رہنماؤں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ17ستمبر کو مرکزی وصوبائی عہدیداروں کا انتخاب ایک ہی روز عمل میں آئے گا۔ کارکنوں کی رائے جاننے اور انہیں احترام دینے کے حوالے سے انٹرا پارٹی الیکشن انتہائی اہم قانونی وجمہوری تقاضا ہیں۔جمہوریت کے استحکام اور بقاء کے لیے تمام سیاسی جماعتوں کو اپنے اندر بھی جمہوریت لانی چاہیے۔اس موقع پر چیف الیکشن کمشنر کی معاونت کے لیے سیکرٹری الیکشن کمشن غلام مرتضی علوی اوردیگر ممبران بھی موجود تھے۔رانا فیاض احمد خان نے کہا کہ عوامی تحریک کے عبوری عہدیداران الیکشن میں حصہ نہیں لیں گے۔17ستمبر کو الیکٹرول کالج مرکزی،صوبائی صدور وجنرل سیکرٹری کا انتخاب عمل میں لائے گا۔ دریں اثناء پاکستان عوامی تحریک کی فیڈرل کونسل کا اجلاس 17ستمبر کو طلب کیا گیا ہے، اجلاس میں عوامی تحریک کے سابق مرکزی وصوبائی عہدیداران،ممبران کور کمیٹی،سنٹرل ورکنگ کونسل،عوامی تحریک کے ضلعی صدور،جنرل سیکرٹریز،فیڈرل کونسل کے ممبران اور پاکستان عوامی تحریک کے جملہ فورمز کے سابق مرکزی عہدیداران شرکت کریں گے۔17ستمبر کے فیڈرل کونسل کے اجلاس میں پارٹی کے نئے آئین کی منظوری بھی لی جائے گی۔