News - 25 Sep - 2017 - 5

منہاج القرآن علماء کونسل فیصل آباد کا اہم اجلاس ، محرم الحرام کے مہینے کو ’’عظمت اہل بیت ‘‘کے طور پر منائے گی، اجلاس میں فیصلہ

Published : Sep 25, 2017

منہاج القرآن علماء کونسل فیصل آباد کا اہم اجلاس ضلعی امیرعلامہ سید ہدایت رسول قادری کی صدارت میں منعقد ہوا، اجلاس میں علماء کونسل کے صوبائی وضلعی عہدیداران نے شرکت کی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ منہاج القرآن علماء کونسل محرم الحرام کے مہینے کو ’’عظمت اہل بیت ‘‘کے طور پر منائے گی۔ اجلاس میں منہاج القرآن علماء کونسل کی طرف سے اپیل کی گئی کہ محرم الحرام میں تمام مکاتب فکر کے علمائے کرام وحدت، یگانگت، یکجہتی اور اخوب و بھائی چارے کا جذبہ پیدا کرتے ہوئے اس محترم مہینے کو امن و سکون سے گزارنے کا پیغام دیں تاکہ نواسہ رسول حضرت امام حسین ؓ کے امن، یگانگت اور اخوت اور بھائی چارے کے حقیقی پیغام کو زندہ کیا جاسکے۔ اجلاس میں ضلعی امیرعلامہ عزیزالحسن اعوان،علامہ ڈاکٹریوسف سیالوی،علامہ اخترحسین اسد شریک تھے،اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ملک بھر کی ضلعی و تحصیلی تنظیمات کو ہدایات جاری کی جائیں گی کہ وہ محرم الحرام میں پیغام حسین ؓ کانفرنسز منعقد کریں اور اس محترم مہینے کو عظمت اہل بیت کے طور پر منائیں۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے علامہ ہدایت رسول قادری نے کہا خاندان رسول ﷺ نے مقدس جانوں کا نذرانہ دے کر قرآنی احکامات کا تحفظ کیا، محرم الحرام عبادت، ایثار،تحمل اور برداشت کا مہینہ ہے۔ امن و امان برقرا رکھنے کیلئے سب کو متحد ہو کر کردار ادا کرنا ہو گا۔ محرم کا پیغام اتحاد بین المسلمین ہے۔ انہوں نے کہا کہ اہل بیت کی قربانیاں پوری انسانیت کیلئے تھیں۔محرم الحرام ہمیںشہدائے کربلا کی شہادتوں کے ساتھ ساتھ ان کے مشن اور جدوجہد کی طرف متوجہ کرتا ہے۔ظلم کے سامنے ڈٹ جانا ،ظالم اور جابر حکمران کے سامنے کلمہ حق کہنا درس کر بلا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کربلا میں حسینی امن پسندی نے یزیدی دہشتگردی کوشکست د ی تھی۔ اجلاس سے علامہ عزیزالحسن اعوان نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ اسوۂ شبیریؓ کو اپنی ذات، اپنے خاندان اور سوسائٹی پر پوری طرح نافذ کرنا ہو گا۔ علمائے کرام علمی، عملی، تحریری اور تقریری طور پر اس مقدس مہینے میں اخوت، محبت اور رواداری کو فروغ دے کر دوسروں کی اصلاح کرنے کی کوشش کریں۔بزرگان دین کے نقش قدم پر چلتے ہوئے اتحاد بین المسلمین کی بات کریں تاکہ امت مسلمہ انتشارسے محفوظ رہے اور پاکستان ترقی اور خوشحالی کی منازل طے کر سکے۔