News - 08 Oct - 2017 - 1

تحریک منہاج القرآن کے زیر اہتمام منعقدہ سہ روزہ علوم الحدیث کانفرنس کا دوسرا دن، شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری بعد نماز ظہر کانفرنس سے خطاب کریں گے

Published : Oct 08, 2017

تحریک منہاج القرآن انٹرنیشنل کے زیر اہتمام  علوم الحدیث کے موضوع پر سہ روزہ کانفرنس جاری ہے، یہ کانفرنس 9 اکتوبر تک جاری رہے گی۔

پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر محمد طاہر القادری آج مورخہ8 اکتوبر2017 بروز اتوار کانفرنس کے دوسرے روزجامع منہاج بغداد ٹاؤن نزد عمر چوک ٹاؤن شپ لاہور میں بعد نماز ظہرعلوم الحدیث کے علمی،تحقیقی اور جدید فنی پہلوؤں پر روشنی ڈالیں گے۔

اس کانفرنس میں ملک کے طول و عرض سے مختلف مکتب فکر سے تعلق رکھنے والے شیوخ الحدیث، علماء، سکالرز ، ایم فل واسلامک سٹڈیز کے طلباء اور مختلف یونیورسٹیوں سے تعلق رکھنے والے اسلامک سٹڈیز کے ہیڈ آف ڈیپارٹمنٹس شریک ہیں ۔

اس سہ روزہ کانفرنس کا بنیادی مقصد اتحاد بین المسلمین اور علوم القرآن و حدیث کے حوالے سے اسلاف کے علمی ، تحقیقی کلچر کو زندہ کرنا ہے۔ فرقہ واریت کے خاتمے اور مذہبی و مسلکی رواداری کے فروغ کیلئے علم اور تحقیق کے کلچر کو عام کرنا ہو گا۔تحریک منہاج القرآن نے بین المذاہب وبین المسالک ہم آہنگی کیلئے ہمیشہ ملک و ملت کے وسیع تر مفاد میں اقدامات کیے ہیں ،یہ خالصتاً علمی، فکری کانفرنس بھی انہی عظیم مقاصد کے حصول کیلئے منعقد کی گئی ہے ۔اس کانفرنس کی خاص بات یہ ہے کہ 3 ہزار سے زائد علماء و سکالرز اس میں شریک ہیں ۔

پاکستان میں اپنی نوعیت کییہ منفرد اتحاد بین المسلمین کی کاوش ہے۔ تحریک منہاج القرآن کے پلیٹ فارم سے منعقدہ اس کانفرنس کے ذریعے پوری دنیا تک یہ پیغام بھی دیا جارہا ہے کہ  پاکستان کے علماء علاقائی و عالمی امن و بین الاقوامی بھائی چارہ کے حوالے سے ایک واضح سوچ اور سمت رکھتے ہیں اور وہ انتہا پسندی اور فرقہ واریت سے نفرت کرتے ہیں اور امت کو تقسیم کرنے والی منفی قوتوں کے ناپاک ارادوں کے بارے میں نہ صرف پوری طرح آگاہ ہیں بلکہ ایسے عناصر کی سازشوں کو ناکام بنانے کیلئے متحد اور یکجا بھی ہیں۔