News - 8 Nov - 2017 - 5

عوامی تحریک پنجاب کا اجلاس، سٹریٹ کرائم کے واقعات پر تشویش کا اظہار

Published :Nov 8, 2017

پاکستان عوامی تحریک سنٹرل پنجاب کا اجلاس مرکزی سیکرٹریٹ میں منعقد ہوا۔ اجلاس کی صدارت صوبائی صدر بشارت عزیز جسپال نے کی۔ اجلاس میں صوبائی دارالحکومت لاہور سمیت پورے پنجاب میں قتل، ڈکیتیوں ،ٹارگٹ کلنگ ،خواتین سے زیادتی، اغواء اور سٹریٹ کرائم کے بڑھتے ہوئے واقعات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے پورے پنجاب میں ڈاکے، قتل اور راہزنی کے پے در پے واقعات کی شدید ترین مذمت کی گئی، اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ عوام کے جان و مال سے کھیلنے کا مذموم عمل کسی صورت برداشت نہیں کیا جا سکتا۔ ماڈل ٹاؤن میں بدترین دہشت گردی کرنے والے قاتل اور کرپٹ حکمران عوام کو تحفظ نہیں دے سکتے، اجلاس میں ریحان مقبول، عارف چودھری، چودھری افضل گجر، میاں عبدالقادر، میاں کاشف، رانا طاہر، راجہ ندیم،میاں افتخار ،شفاقت مغل ،آصف سلہریا ایڈووکیٹ و دیگر موجود تھے۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے بشارت جسپال نے کہا کہ گڈگورننس کے دعویدار نام نہاد خادم اعلیٰ عوام کے جان و مال کے تحفظ میں مکمل طور پر ناکام ہو چکے ہیں، لاہور باغبانپورہ، فیصل آباد، ملتان اور دیگر شہروں میں دن دہاڑے ڈکیتیوں اور معصوم افراد کے قتل کے اندوہناک سانحات ،مختلف علاقوں میں خواتین سے بدتمیزی، زیور چھیننے کے واقعات، معصوم بچوں کے اغواء کی وارداتوں نے قاتل حکمرانوں کی گڈگورننس کے پول کھول دئیے ہیں۔ اجلاس میں باغبانپورہ میں قتل ہونے والے نوجوان کے لیے فاتحہ خوانی بھی کی گئی۔بشارت عزیز جسپال نے کہا کہ شریف برادران نے پنجاب پولیس کو اپنے گھر کی باندھی سمجھ رکھا ہے اور پولیس کو عوام کے تحفظ کی بجائے اپنے مذموم مقاصد کیلئے استعمال کرتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ پنجاب کے عوام کی جان و مال اور عزت چوروں،ڈاکوؤں کے رحم و کرم پر ہے ۔حکومتی رٹ کہیں دکھائی نہیں دیتی،اجلاس میں کہا گیا کہ حکمرانوں نے کرائم روکنے کی بجائے صرف کمشن اکٹھی کرنے والے منصوبوں پر توجہ دی ۔عوامی تحریک پنجاب کے صدر نے کہا کہ پنجاب حکومت کی کارکردگی عوام دشمنی سے عبارت ہے ،قاتل ،وزیر اعلیٰ اور انکے جھوٹے وزراء کے پاس سوائے بیانات دینے کے کچھ نہیں ہے ۔حکمرانوں کی تمام تر توجہ مال اکٹھا کرنے اور اقتدار بچانے پر مرکوز ہے ۔عوامی مسائل کے حل کیلئے کوئی پلاننگ ان نا اہل حکمرانوں کے پاس نہیں ہے ۔پنجاب کے عوام عدم تحفظ کا شکار ہیں ،قوم ایسی نام نہاد جمہوریت کو مسترد کرکے اپنے تحفظ اور بنیادی ضرورتوں کیلئے آواز بلند کرے ۔انہوں نے کہا کہ ڈکیتیوں کی بڑھتی ہوئی وارداتیں حکومت کی کھلی ناکامی ہے ۔پنجاب کے حکمران عوام سے جینے کا حق چھین رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ عوام چوروں ،ڈاکوؤں اور قاتلوں کے ہاتھوں مرنے کی بجائے موجودہ کرپٹ نظام اور کرپٹ حکمرانوں کے اقتدار کو موت دینے کیلئے اپنے کردار کو پہچانیں ۔