News - 23 Nov - 2017 - 2

خرم نواز گنڈا پور کی لاہور ہائیکورٹ کے احاطے میں میڈیا سے گفتگو،کہتے ہیں حکومت شہریوں کی حفاظت کی بجائے انہیں اپنے سیاسی مفادات کیلئے استعمال کر رہی ہے

Published :Nov 22, 2017

پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈا پور نے لاہور ہائیکورٹ کے احاطے میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کی حفاظت کرتے ہوئے جانیں دینے والے افواج پاکستان کے جوانوں اور افسران کی پوری قوم مقروض ہے ۔انہوں نے میجراسحاق کی شہادت پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ یہ قربانی قبول کرے اور انسانیت کے دشمن دہشتگردوں کو نیست و نابود کرے ۔انشا اللہ تعالیٰ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں آخری فتح پاکستان اور اسکے عوام کی ہو گی ۔خرم نواز گنڈا پور نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ معاشی دہشتگرد نواز شریف نے کرسی بچانے کیلئے ماڈل ٹاؤن میں خون بہایا تھا مگر وہ کرسی بھی نہ بچ سکی ،بے گناہوں کا خون بہانے پر شریف خاندان رسوا ہو رہا ہے ۔اقتدار بچانے کیلئے ماڈل ٹاؤن میں 100لوگوں کو گولیاں ماری گئیں۔صوبائی وزیر قانون کے خلاف رٹ واپس نہ لینے پر ناصر شیرازی کو اغوا کیا گیا غیر ملکی امداد بند ہونے کے خوف کے باعث اپنے ہی شہریوں کو نظر بند رکھا گیا ۔ جب حکومت اپنے شہریوں کو قتل ،اغوا اور نظر بند کرنے لگے تو پھر ایسے معاشروں کو دہشتگردی اور انتہا پسندی کی دلدل میں گرنے سے کو ئی نہیں بچا سکتا ۔انہوں نے کہا کہ شریف دور اقتدار پاکستان کی سیاسی ،عدالتی ،قانونی اور جمہوری تاریخ کے ایک سیاہ دور کے طور پر یاد رکھا جائیگا ۔اس کا فیصلہ اسمبلی میں بیٹھا کرپٹ ،کرمنل اور خوشامدی ٹولہ نہیں پاکستان کا دانشور،ڈاکٹر،مزدور، کسان، کلرک ،ہاری ،محب وطن عوام، علماء مشائخ ،خواتین اور نوجوان کریں گے اور ایک نا اہل اور قاتل کو سپریم کورٹ کے فیصلے کے بر عکس اور آئین کی روح کے خلاف پارٹی صدر بنانے والے منہ چھپاتے پھریں گے اور تاریخ خائن کے ساتھ ساتھ خائن کے ساتھیوں کو بھی آئین و جمہوریت کے غداروں کے طور پر یاد کرے گی۔