news - 22 dec 2017 - 2

دانیال عزیز نے چند دنوں کی وزارت کیلئے ضمیر گروی رکھا ہوا ہے، سانحہ ماڈل ٹاؤن کے قاتلوں کو پھانسیاں ملنے سے ریاست مضبوط ہو گی، خرم نواز گنڈاپور کا وزراء کی تنقید پر ردعمل

Published :Dec 22, 2017

پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے دانیال عزیزکے بیان کے ردعمل میں کہا ہے کہ دانیال عزیز نے چند دنوں کی وزارت کیلئے ضمیر گروی رکھا ہواہے۔ دانیال عزیز کے لیڈر کو سپریم کورٹ نے بے ایمان اور جھوٹا قرار دیا وہ کس منہ سے انگلی دوسروں کی طرف کرتے ہیں ؟ سانحہ ماڈل ٹاؤن سیاسی نہیں انسانیت کے بہائے جانیوالے بے گناہ خون کا معاملہ ہے اور حصول انصاف کی جنگ اب منطقی انجام تک پہنچ کر رہے گی۔خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ دانیال عزیز جیسے لوگ سیاسی جال کی گندی مچھلیاں ہیں۔ ایک کرپٹ خاندان کی ترجمانی کر کے دو ٹکے کی وزارت لینے والے جلد اپنے انجام کو پہنچنے والے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دانیال عزیز جب جنرل مشرف کے ترجمان تھے تو اسی طرح خون پسینہ ایک کر کے ان کی ترجمانی کرتے تھے اور جیسے ہی وہ اقتدار سے ہٹے تو یہ شریفوں کے عزیز بن گئے۔ ایسے سیاسی مداریوں کا کوئی قبلہ نہیں ہوتا۔ انہوں نے کہا کہ بے گناہ شہریوں کے قتل میں ملوث عناصر کا ساتھ دینے والوں نے دنیا داری کیلئے اپنی آخرت کو بھلا رکھا ہے،انہوں نے کہا کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کے قاتلوں کو پھانسیاں ملنے سے ریاست مضبوط ہوگی۔انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر طاہرالقادری کے حوالے سے ایف آئی آر بدلنے کی ہرزہ سرائی کرنے والے اول نمبر کے جعلساز اور کاغذات میں ردوبدل کرنے کے ماسٹر ہیں ، انہوں نے سپریم کورٹ میں بھی ٹمپرڈ اور جعلی دستاویزات جمع کروائیں، معزز ججز چاہتے تو جلعسازوں کو موقع پر ہتھکڑیاں لگوا دیتے مگر انہیں ریلیف ملا۔خرم نواز گنڈاپور نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر وفاقی وزیر ریلوے سعد رفیق کی ہرزہ سرائی پر اپنے ردعمل میں کہا کہ سعد رفیق سربراہ عوامی تحریک کے بارے میں سوچ سمجھ کر بات کریں ۔ سعد رفیق اپنی جماعت کے اندر ایک ٹاؤٹ کی شہرت رکھتے ہیں اور یہ وہی سعد رفیق ہیں کہ ایجنسیوں کی ٹاؤٹی کرنے کے الزام پر لاہور پریس کلب کے باہر ان کی اپنی جماعت نے ان کے خلاف مظاہرہ کیا تھا اور ان کے لیڈر نواز شریف اور شہباز شریف نے انہیں پارٹی سے نکال دیا تھا ۔ یہ ہرزہ سرائی کر کے اپنے ماضی کے نہاں گوشے منظر عام پر لانے پرمجبور نہ کریں۔ گندا کھیل سعد رفیق ،رانا ثناء اللہ ،شہباز شریف اور دیگر وزراء نے کھیلا جنہوں نے 17 جون 2014 ء کے دن ماڈل ٹاؤن میں لاشیں گرائی گئیں۔ سعد رفیق لوٹ مار کی دولت سے ہاؤسنگ سوسائٹی بنانے کا نیب کو حساب دیں۔