1

شہباز شریف مجرم کے استقبال کی تیاریاں کر کے قانون کا مذاق اڑارہے ہیں:خرم نواز گنڈاپور

شہباز شریف بھی جلد ’’بے مثال ‘‘ کرپشن کرنے پر کسی جیل میں اپنے بھائی کے شانہ بشانہ ہونگے
شریف برادران کے ظلم و بربریت سے بہت سی مائیں روئیں ،اب ظالم اور کرپٹ خاندان کا بچہ بچہ روئے گا

 

 

 

پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے کہا ہے کہ وزیراعظم بننے کا خواہشمند ایک پارٹی کا صدر سزایافتہ قومی مجرم کے استقبال کی تیاریوں میں شریک ہو کر آئین، قانون اور سیاسی،جمہوری اخلاقیات کا مذاق اڑا رہا ہے، کیپٹن(ر) صفدر کی گرفتاری کے موقع پر نیب ٹیم کے سامنے مزاحمت کرنے والوں کے خلاف مقدمات قائم ہو سکتے ہیں،ایک مجرم کے استقبال کیلئے تیاریاں کرنے والے شخص کے خلاف بھی کارراوئی ہونی چاہیے، نااہل لیگ ملک میں فساد کروانا چاہتی ہے، ریاستی اداروں پر حملے کر کے پاکستان کو بدنام کرنا چاہتی ہے، ادارے اس کا نوٹس لیں اور ایک مجرم کے استقبال کی تیاریاں کرنے والوں کو شٹ اپ کال دے۔شہباز شریف بھی بہت جلد پنجاب میں ’’بے مثال ‘‘ کرپشن کرنے پر کسی جیل میں اپنے بھائی کے شانہ بشانہ ہونگے، 56 کمپنیاں، میٹرو، اورنج، صاف پانی، لیپ ٹاپ، سستی روٹی، فوڈ سپورٹ پروگرام، گرین ٹریکٹر سکیم اور آشیانہ کے منصوبوں میں ہونے والے گھپلوں میں وہ سزا پائیں گے، احد چیمہ اور فواد حسن فواد کے انکشافات شہباز شریف کے چہرے پر پڑے ہوئے منافقت کے تمام نقاب ہٹا دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ شہباز شریف سانحہ ماڈل ٹاؤن کیس میں 14 بے گناہوں کو قتل کرنے کے جرم میں پھانسی چڑھیں گے۔ شریف برادران کے ظلم و بربریت کی وجہ سے پنجاب کے اندر بہت ساری مائیں خون کے آنسو روئیں اب اس ظالم اور کرپٹ خاندان کا بچہ بچہ روئے گا۔