Fayyaz-09-01-2017

  وزیر اعلیٰ پنجاب تخت لاہور کیلئے پنجاب کے دوسرے اضلاع کا بجٹ چوری کر رہے ہیں: فیاض وڑائچ

لاہور(8جنوری 2017)پاکستان عوامی تحریک جنوبی پنجاب کے صدر فیاض وڑائچ نے کہا ہے کہ جنوبی پنجاب ترقیاتی سکیموں کے 2 ارب روپے لاہور کی سڑکوں پر لگانا نا انصافی اور بد دیانتی کی انتہا ہے ۔وزیر اعلیٰ پنجاب تخت لاہورپر لگانے کیلئے پنجاب کے دوسرے اضلاع کا بجٹ چوری کر رہے ہیں ۔پہلے ہی پنجاب کے ٹوٹل بجٹ کا57 فی صد حصہ صرف تخت لاہور پر خرچ کیا جا رہا ہے۔ بجٹ فنڈز میں کمی کی وجہ سے جنوبی پنجاب کے بجٹ پر ڈاکہ ڈال کر لاہور میں سڑکوں کے توسیعی منصبوں پر لگانا وزیر اعلیٰ پنجاب کی بے حسی ، بد انتظامی اور نا اہلی ہے ۔ جنوبی پنجاب کے اضلاع میں پہلے ہی احساس محرومی بڑھ رہا ہے ۔وہ مرکزی سیکرٹریٹ میں عوامی تحریک بھکرکے وفد سے ملاقات کے دوران گفتگو کر رہے تھے ۔وفد میں جمعہ خان ،حکیم ارشد علی،ڈاکٹر مشتاق اعوان و دیگر عہدیداران شامل تھے ۔فیاض وڑائچ نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب لاہور میں کرپشن اور ٹھیکوں سے مال بنانے کے ماہر ہیں اور پوری حکومتی مشینری کرپشن کی گنگا میں نہائی ہوئی ہے۔جنوبی پنجاب کے عوام اپنے ساتھ ہونے والی اس نا انصافی کو کسی صورت قبول نہیں کرینگے ۔ پاکستان عوامی تحریک جنوبی پنجاب کے عوام کے حقوق کیلئے جدوجہد جاری رکھے گی ۔ انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب کے عوام آئندہ انتخابات میں اپنے ساتھ ہونیوالی نا انصافیوں کا بدلہ ن لیگ سے ضرور لیں گے ۔