News-09-01-2017

۔ 23 مارچ کو پاکستان عوامی تحریک کراچی میں سیاسی قوت کا مظاہرہ کرے گی

کراچی( )
پاکستان عوامی تحریک کراچی سندھ کا اہم اجلاس صوبائی سیکرٹریٹ بلاک ۱۰ گلشن اقبال میں ہوا۔اجلاس میں تمام صوبائی کراچی زون کے قائدین و ایگزیکٹو کونسل کے ممبران نے شرکت کی ۔اجلاس میں اہم تنظیمی امور،تحریک قصاص ،عوامی رابطہ مہم،کراچی پیکج،ملکی مسائل،و دیگر امور پر غور و خوض کیا گیا۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا پاکستان عوامی تحریک عوامی رابطہ مہم جاری رکھے گی اور 23مارچ کراچی میں ایک بڑے جلسے میں اپنی سیاسی قوت کا مظاہرہ کرے گی اور اس موقع پر پاکستان عوامی تحریک کیسا کراچی چاہتی ہے اپنے کراچی پیکیج کا اعلان کرے گی اور ساتھ ساتھ اپنے قومی اور صوبائی حلقہ جات میں اپنی تنظیم کا اعلان کرے گی ۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان عوامی تحریک کے رہنماء صفدر قریشی نے کہا کراچی منی پاکستان ہے جو ملک کی معیشت کا مرکز ہے اسے لاوارث نہ ہونے دیں گے نہ سمجھنے دیں گے ۔اہلیان کراچی سے کسی قسم کی زیادتی ،امتیازی سلوک برداشت نہیں کیا جائے گا۔کراچی کو اسکا حق ملنا چاہیے اسے سازشوں،دعووں اور وعدوں کا شکار نہیں ہونے دیں گے بلکہ عوام کے حقوق شہر کی تعمیر وترقی کیلئے جدوجہد اور آواز بلند کریں گے۔انھوں کہا کراچی تمام قومیتوں ،تمام پاکستانیوں کا شہر ہے زبردستی کسی کو مسلط نہیں ہونے دیا جائے گا ۔اہلیان کراچی با شعور ہیں انھوں نے خود فیصلہ کرنا ہے وہ کس کے ساتھ ہیں ۔اس موقع پر رائو کامران نے کہا پاکستان عوامی تحریک روایتی سیاسی جماعت نہیں ہم صرف الیکشن سے اقتدار میں نہیں آنا چاہتے بلکہ ہم اس ملک میں مسلط فرسودہ کرپٹ نظام کا خاتمہ چاہتے ہیں ہم پاکستانی قوم کو قائد کا پاکستان دینا چاہتے ہیں جس کیلئے بیس لاکھ مسلمانوں نے قربانیاں دیں ۔ہم پاکستان کو قومیت،لسانیت،تفرقوں میں بٹنے نہیں دیں گے ہم ملک و ملت کی وحدت چاہتے ہیں اس کیلئے ہمیں ایک قوم بن کر سوچنا ہو گا ۔جب پاکستان بنایا تھا تب ہم ایک قوم ایک نظریہ کے تابع تھے کرپٹ حکمرانوں ،مفاد پرست نام نہاد سیاست دانوں نے ملک وملت کے اتحاد کا شیرازہ بکھیر دیا ۔قوم اب جھوٹے نعروں میں آنے کے بجائے نظام کی اصلاح کیلئے پاکستان عوامی تحریک کا ساتھ دے۔