News - 13 Sep - 2017 - 7

انصاف میں تاخیر انصاف سے انکار ہے، سانحہ ماڈل ٹاؤن کے شہداء کا انصاف زندگی موت کی طرح اہم ہے : ڈاکٹر طاہر القادری

Published : Sep 13, 2017

 پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے کہا ہے کہ شہدائے ماڈل ٹاؤن کا انصاف ہمارے لئے زندگی اور موت کی طرح ہے،انصاف بشکل قصاص سے کسی صورت پیچھے نہیں ہٹیں گے ۔شریف برادران ریاست کے 14بے گناہ شہریوں کے قاتل ہیں اس کے ثبوت سانحہ ماڈل ٹاؤن کی واحد عدالتی تحقیقات جسٹس باقر نجفی کمشن کی رپورٹ میں موجود ہیں،شہباز حکومت اسے پبلک کرنے سے انکاری کیوں ہے ؟ انصاف میں تاخیر انصاف سے انکار کے مترادف ہے ۔ڈاکٹر طاہر القادری نے کہاکہ جب شہریوں کے آئینی حقوق سلب ہوتے ہیں تو مظلوم عدالت کی طرف دیکھتے ہیں اور آج سانحہ ماڈل ٹاؤن کے مقتول ،مظلوم اور مضروب عدالت کی طرف دیکھ رہے ہیں ۔جب تک ان قاتلوں کی حکومت برقرار ہے یہ انصاف نہیں ہونے دیں گے۔عدالت مظلوموں کی مدد اور انصاف کا بول بالا کرے۔ رپورٹ پبلک ہونے سے انصاف کی راہ ہموار ہو گی ۔ ڈاکٹرطاہر القادری نے کہاکہ 21ویں صدی میں جدید جمہوری اقدار کے ہوتے ہوئے کیا یہ تصور کیا جا سکتا ہے کہ کوئی جمہوری ریاست اپنے ہاتھوں سے شہریوں کی جان لے اور پھر ذمہ دار سزا سے بچے رہیں ؟ افسوس اسلامی جمہوری ملک پاکستان میں ایسا ہو رہا ہے ۔ سانحہ کی عدالتی تحقیقا ت منظر عام پر لانے کی بجائے قاتل برادران نے اپنے ذاتی ملازموں کی جے آئی ٹی بنا کر کلین چٹ حاصل کر لی اور آئین و قانون کا مذاق اڑایا اور انصاف کا قتل عام کیا ۔ڈاکٹر طاہر القادری نے کہاکہ وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے 17جون 2014 کے دن خود جوڈیشل تحقیقات کروانے کا اعلان کیا تھا اور اب اسکی رپورٹ پبلک کرنے سے انکار کر رہے ہیں ۔دریں اثناء پاکستان عوامی تحریک کے وکلاء نے سربراہ عوامی تحریک سے ملاقات کی اور شہدائے ماڈل ٹاؤن کے ورثاء کی طرف سے رپورٹ پبلک کئے جانے کی دائر نئی درخواست پر12ستمبر کی عدالتی کارروائی کے حوالے سے آگاہ کیا اور بتایا کہ شہباز حکومت نے روایتی شاطرانہ چال کا مظاہرہ کرتے ہوئے عدالت سے رپورٹ پبلک کرنے کے حوالے سے مزید وقت مانگا ہے اور عدالت نے 19ستمبر تک کا وقت دیا ہے اس پر سربراہ عوامی تحریک نے کہا کہ شہباز حکومت نے تین سال سے رپورٹ دبا رکھی ہے اسے مزید کتنا وقت درکار ہے،انہوں نے کہاکہ قاتل برادران جانتے ہیں رپورٹ پبلک ہوئی تو انکے قاتل چہرے مکمل طور پر بے نقاب ہو جائینگے ۔انہوں نے کہا کہ یہ بے گناہوں کا خون ہے رائیگاں نہیں جائے گا۔ دریں اثناء تحریک منہاج القرآن لاہور و عوامی تحریک لاہور کے کارکنان نے گزشتہ روز لاہور ہائیکورٹ کے باہرجسٹس باقر نجفی کمشن کی رپورٹ کے حصول کیلئے خاموش احتجاج کیا اور کارکنان جن میں خواتین کی ایک بڑی تعداد شریک تھی نے عدالت سے استدعا کی کہ جسٹس باقر نجفی کمشن کی رپورٹ پبلک کرنے کا حکم دیا جائے ،کارکنوں نے کتبے اٹھا رکھے تھے جن پر’’ہم انصاف چاہتے ہیں‘‘ کے نعرے درج تھے ۔احتجاج میں امیر لاہور حافظ غلام فرید،عائشہ مبشر،ایم ایس ایم،یوتھ ونگ کے عہدیدار احتجاج میں شریک تھے۔