3

احد چیمہ کی گرفتاری نے شہباز حکومت کی ’’چولیں‘‘ ہلا دیں: خرم نواز گنڈا پور

 پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈا پور نے نیب کی طرف سے احد چیمہ کی گرفتاری کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہاکہ عابد باکسر کی گرفتاری کے بعد احد چیمہ کی گرفتاری بڑی خبر ہے اس گرفتاری نے شہباز حکومت کی ’’چولیں‘‘ ہلا دیں۔احد چیمہ شہباز شریف کی کرپشن کے میگا سکینڈلز کے چشم دید گواہ ہیں ۔وہ گزشتہ روز مرکزی سیکرٹریٹ میں سنٹرل ورکنگ کونسل کے ہنگامی اجلاس کی صدارت کر رہے تھے ۔خرم نواز گنڈا پور نے کہاکہ اس کے بعد مشتاق سکھیرا کی باری ہے پھر اسکے بعد سانحہ ماڈل ٹاؤن کے راز دان ڈاکٹر توقیر شاہ اور آخر میں مونچھوں والا جن رانا ثناء پکڑا جائیگا اور اس گرفتاری کے ساتھ پنجاب سے کرپشن اور لوٹ مار کی سیاہ رات کا ہمیشہ ہمیشہ کیلئے خاتمہ ہو جائے گا۔انہوں نے کہاکہ لکھ کر دینے کو تیار ہوں کہ نواز شریف،شہباز شریف باقی زندگی جیل میں گزاریں گے،جاتی امراء محل کو جیل کا سٹیٹس ملے گا اور لوگ اسے مقام عبرت کے طور پر دیکھیں گے اورماڈل ٹاؤن کے بے گناہوں کا خون سر چڑھ کر بولے گا۔خرم نواز گنڈا پور نے کہاکہ ہماری دعائیں اور نیک تمنائیں نیب اور سپریم کورٹ کیلئے ہیں۔نیب سے درخواست ہے کہ وہ 2010کے 14ارب کے فوڈ سپورٹ پروگرام کی کرپشن کا بھی نوٹس لے۔2010میں غریبوں کو ایک ہزار روپیہ فی کس نقد دینے کا کاغذی منصوبہ بنا تھا اور اس پروگرام میں ن لیگ کے ایم پی ایز کے گن مین گھریلو ملازمین کے اہل خانہ کے نام دئیے گئے اور ایک ایک گھر سے 10سے 15 جعلی نام رجسٹرڈ کروائے گئے اور پھر 2011میں شہباز حکومت نے کرپشن کا اعتراف کرتے ہوئے یہ سکیم بند کر دی مگر آج کے دن تک اسکا آڈٹ نہیں ہوا ۔خزانے کے 14ارب روپے کا حساب ناگزیر ہے یہ قوم کا پیسہ تھا جسے اشرافیہ نے مل کر لوٹا ۔چیئرمین نیب پنجاب فوڈ سپورٹ پروگرام کا ریکارڈ طلب کریں،بڑے بڑے انکشافات سامنے آئیں گے